سپلائی بند، پھل و سبزیاں مہنگے ، 60 کروڑ کا نقصان

Last Updated On 02 November,2018 04:26 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا )راستے بند ہونے سے پھل و سبزیوں کی گاڑیاں نہ پہنچیں،سب سے بڑی با دامی باغ منڈی میں 44، کا چھہ ، ملتان روڈ،سنگھ پورہ اور رائیونڈ منڈی میں 16کروڑ کا نقصان ہوا۔

امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر صوبائی دارالحکو مت لاہور میں 5 پھل و سبزی منڈیاں بند رہنے سے 60کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔سب سے بڑی بادامی باغ منڈی میں مال نہ آنے کی وجہ سے 44 کروڑ ، کاچھہ ،ملتان روڈ ،سنگھ پورہ اور رائیونڈ منڈی میں 16 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے ۔
روزانہ آنے والی سبزیوں میں آلو 600ٹن ،پیاز600ٹن ،ٹماٹر 150 جبکہ مولی ،گاجر ،گوبھی ،ساگ ،میتھی ،پالک،بینگن ،شلجم ،کریلے ، مٹر، سبز مرچ 450ٹن ہیں۔ پھلوں میں کیلا500ٹن ،سیب 250ٹن ،مالٹا 400ٹن ،انار 100ٹن ،جاپانی پھل50ٹن ،انگور20ٹن، سنگھاڑے 5ٹن لائے جاتے ہیں جو گزشتہ روز راستے بند ہو نے کی وجہ سے نہ پہنچائے جا سکے۔پیاز اور ٹماٹر سندھ سے لایا جاتا ہے جبکہ آلو سوات،پھلوں میں سیب ،جاپانی پھل ،سوات سے لایا جاتا ہے ۔
دکانداروں کی جانب سے بچی کھچی سبزیاں اور پھل انتہائی مہنگے داموں فرو خت کئے گئے ۔مٹر 60اورٹماٹرکی قیمت میں 10 روپے فی کلو کااضافہ کر دیا گیا، گاجر 50کے بجائے 80روپے فی کلو تک پہنچ گئی ، پیاز ، آلو ،شملہ مرچ، بندگوبھی اورکریلے بھی مہنگے داموں ٖفروخت کئے گئے ۔ علاوہ ازیں شہر کے داخلی وخارجی راستے بند ہونے سے برائلر کی ترسیل بھی بند رہی،متعدد گاڑیاں شہر میں داخل ہی نہ ہوسکیں جسکے باعث 80 فیصد سے زائد د کانیں بند ہوگئیں، مرغی کے گوشت کی قیمت 11 روپے اضافے سے 220 روپے کلو تک جا پہنچی ۔ دکانداروں نے مرغی کی ترسیل بند ہونے کو قیمتوں میں اضافے کی وجہ قراردیا ۔