قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی، ارکان ایک دوسرے کو مارنے کیلئے دوڑ پڑے

Last Updated On 05 November,2018 10:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن اور حکومتی ارکان کے خلاف شدید ہنگامہ آرائی، ارکان ایک دوسرے کو مارنے کے لیے دوڑ پڑے۔

ایوان میں دیگر اراکین کی بھی دوڑیں لگوا دیں، ہاتھا پائی اور بڑی لڑائی ہوتے ہوتے رہ گئی، سپیکر کے لیے ایوان چلانا مشکل ہو گیا، سپیکر کو اجلاس منگل کی صبح 11 بجے تک ملتوی کرنا پڑ گیا۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے حکومت پر تنقید کرنے پر پی ٹی آئی کے رکن عبدالمجید خان نیازی اپوزیشن سے بار بار الجھتے رہے، پہلے احسن اقبال کے ساتھ الجھے اور لڑائی کے لیے آگے بڑھے تو حکومتی چیف وہیب عامر ڈوگر نے انہیں پکڑ کر نشست پر بٹھا دیا۔

شازیہ مری کی حکومت پر تنقید پر بھی عبدالمجید نیازی جذباتی ہو گئے اور شازیہ مری سے بھی تکرار کرتے رہے، اس طرح ایوان میں ہنگامہ شروع ہوا تو حکومتی رکن نے نازیبا الفاظ بھی استعمال کیے جس پر پیپلز پارٹی کے رفیع اللہ شاہ بھی طیش میں آ گئے اور پی ٹی آئی رکن کو مارنے کے لیے دوڑ پڑے۔

رفیع اللہ شاہ کو روکنے کے لیے اپوزیشن ارکان کی بھی دوڑیں لگ گئیں۔ دوسری طرف مجید نیازی کو حکومتی ارکان نے پکڑ رکھا تھا، ہنگامہ بڑھا تو مجبور ہو کر سپیکر نے دونوں ارکان کو ایوان سے باہر نکالنے کا حکم دیا۔

ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کر رہا تھا، صورتحال کنٹرول نہ ہو سکی تو سپیکر نے اجلاس ملتوی کر دیا۔