اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فاٹا انضمام قبائلی لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے کیا گیا، بعض قوتیں فاٹا انضمام کے خلاف کام کر رہی ہیں، ہم نے ملکر ان قوتوں کے عزائم ناکام بنانا ہے۔
اسلام آباد میں فاٹا انضمام کے بعد انتظامی اور اصلاحاتی امور پر عملدرآمد میں پیش رفت کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ انتظامی و اصلاحاتی عمل میں لوگوں کو پتہ چلنا چاہیے کہ یہ ان کی بھلائی کے لئے ہے، انتظامی عمل کو اس انداز میں سر انجام دیا جائے کہ وہ لوگوں کے لئے دشواری پیدا نہ ہو، قبائلی علاقے تعمیر و ترقی کے حوالے سے دیگر حصوں سے کافی پیچھے ہیں، ان علاقوں کو دیگر حصوں کے برابر لانے کے لئے سب کو مل جل کر کوشش کرنا ہو گی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بعض قوتیں فاٹا انضمام کے خلاف کام کر رہی ہیں، یہ قوتیں اپنے مذموم مقاصد کی خاطر لوگوں کو گمراہ کر رہی ہیں، ہم نے ملکر ان قوتوں کے عزائم ناکام بنانا ہیں، وفاقی حکومت این ایف سی ایوارڈ میں فاٹا کو حصہ دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ان علاقوں میں صرف ان افسران کو تعینات کیا جائے جن کی شہرت نیک ہو،اور جو عوام کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہوں۔