لاہور: (دنیا نیوز) ن لیگ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی، اجلاس میں تمام اراکین کی حاضری سے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز خوش، کہتے ہیں پوری کوشش ہو گی کی سینیٹ کے انتخابات میں کامیابی حاصل کریں، ن لیگ پوری طرح میاں نواز اور میاں شہباز شریف کی قیادت میں متحد ہے۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں حمزہ شہباز کی صدارت میں مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس لاہور میں ہوا۔ حمزہ شہباز کہنا تھا کہ پوری کوشش ہو گی کی سینیٹ کے انتخابات میں کامیابی حاصل کریں، تمام اراکین مقررہ وقت پر اسمبلی میں پہنچیں، بہت سارے حکومتی اراکین کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی صفوں میں دراڑیں پڑنا شروع ہو گئی ہیں، ن لیگ پوری طرح میاں نواز اور میاں شہباز کی قیادت میں متحد ہے، وقت دور نہیں جب عوام خود ہی جھوٹے لوگوں کو ایوانوں سے باہر پھینک دیں گے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ اگر آپ لوگ متحد رہے تو دنیا کی کوئی طاقت آپ کو عوام کی خدمت سے نہیں روک سکتی، اپنے اپنے گروپس کے لیڈر سے سینیٹ ووٹ کے متعلق رہنمائی حاصل کریں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی ناکامیاں جلد کھل کر سامنے آ جائیں گی، دھاندلی زدہ حکومت کو عوام نے اب تک قبول نہیں کیا۔