’گلگت بلتستان کو الگ صوبہ نہیں بنا سکتے، تمام صوبائی اختیارات دیں گے‘

Last Updated On 07 December,2018 05:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت سے متعلق مسودہ قانون کو حتمی شکل دینے کیلئے اٹارنی جنرل کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔ چیف جسٹس کا کہنا ہے جو اختیارات باقی صوبوں کو حاصل ہیں وہ ہی گلگت بلتستان کو ملنے چاہیں۔

 

اٹارنی جنرل انور منصور نے سپریم کورٹ میں موقف اپنایا کہ مسودہ مکمل کرنے کے لئے وقت چاہیے۔ مجوزہ مسودے میں قانون سازی اور انتظامیہ کے تمام اختیارات دے رہے ہیں، الگ صوبہ نہیں بنا سکتے لیکن تمام صوبائی اختیارات دیں گے۔ کوشش ہے کہ گلگت بلتستان والوں کے تمام مطالبات منظور کر لیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ تمام صوبائی اختیارات ملنے چاہیں۔ عدالت نے مسودہ قانون کو حتمی شکل دینے کے لیے اٹارنی جنرل کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی۔ مقدمے کی مزید سماعت چوبیس دسمبر کو ہو گی۔