لاہور پارکنگ کمپنی کے سابق سربراہ کی درخواست ضمانت پر نیب سے جواب طلب

Last Updated On 09 January,2019 02:58 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے لیگی رہنما اور لاہور پارکنگ کمپنی کے سابق سربراہ حافظ میاں نعمان کی بعد ازگرفتاری درخواست ضمانت پر نیب حکام سے 17 جنوری تک جواب طلب کر لیا۔

جسٹس ملک شہزاد احمد کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے پارکنگ کمپنی کے سابق سربراہ حافظ میاں نعمان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، درخواست گزار وکیل اسد منظور بٹ نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ ان کا موکل 2008 میں ایم پی اے منتخب ہوا اور لاہور پارکنگ کمپنی کا اعزازی طور پر پہلا سربراہ مقرر کیا گیا۔

وکیل نے بتایا کہ حافظ میاں نعمان صرف رسمی طور پر بورڈ میٹنگ میں حصہ لیتا رہا جبکہ لاہور پارکنگ کمپنی سے کسی بھی مد میں ایک روپیہ بھی وصول نہیں کیا، وکیل نے بتایا کہ 30 دسمبر 2016 کو لاہور پارکنگ کمپنی کی سربراہی سے استعفی دے دیا۔ وکیل نے نشاندہی کی کہ 2013 میں لاہور پارکنگ کمپنی نے قانون کے مطابق اشتہار دیکر ٹھیکہ دیا اور ٹھیکوں میں شفافیت کو مدنظر رکھا گیا۔

درخواست گزار وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نیب کی جانب سے لاہور پارکنگ کمپنی کی انکوائری غیر قانونی ہے، وکیل نے نقطہ اٹھایا کہ حافظ میاں نعمان عمر رسیدہ اور ذیابیطس کے مریض ہیں اور جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔

وکیل نے استدعا کی کہ نیب کی جانب سے کرپشن کے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں لہذا عدالت بعد از گرفتاری درخواست ضمانت منظور کرے، لاہور ہائیکورٹ نے حافظ نعمان کی قبل ازگرفتاری درخواست ضمانت 28 نومبر کو خارج کی تھی۔