لاہور: (دنیا نیوز) بسنت منانے کے فیصلے کیخلاف درخواست کی سماعت پر لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے، کل جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں بسنت منانے کے فیصلے کیخلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امین الدین خان نے صفدر شاہین پیرزادہ ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست میں موقف اختیارکیا گیا کہ بسنت خونی کھیل کی شکل اختیار کر گیا ہے، کوئی بھی ایسی تفریح جو انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بنے اس کی اجازت آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ درخواستگزار نے استدعا کی کہ ڈور پھرنے کے واقعات سے بے شمار قیمتی جانیں ضائع ہوئیں لہٰذا بسنت منانے پر پابندی کو برقرار رکھا جائے۔
عدالت نے پنجاب حکومت، چیف سیکرٹری، ہوم سیکرٹری سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔