اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ایک آدمی مجرم جیل سے آ کر تقریر کر کے عوام کو گمراہ کرتا ہے، جب ہم ایوان کو حقائق بتاتے ہیں تو ان کو تکلیف ہوتی ہے، ہم ان کو تکلیف دیتے رہیں گے.
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں فیصل واوڈا نے کہا کہ ایوان میں مہمند ڈیم کے حوالے سے غلط بیانی کی گئی، یہ ساری سازش ڈیم نہ بننے کے حوالے سے ہے، پیپرا رولز اگر ان کو انگلش میں سمجھ نہیں آتے تو اگلی دفعہ اردو میں لے کر آؤں گا۔
فیصل واوڈا کی تقریر سے قبل اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف ایوان سے باہر جانے لگے لیکن سپیکر کے کہنے پر سیٹ پر واپس آ گئے اور کہا کہ میں گالی گلوچ پر یقین نہیں رکھتا، میں نے گالی گلوچ سنی ہے اس لئے جا رہا ہوں۔ اس موقع پر رکن اسمبلی طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اگر اس طرح الزام لگا کر باہر جائیں گے تو ہم آئندہ ان کو بات نہیں کرنے دیں گے۔
لیگی رہنما خواجہ آصف نے ان کی بات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نہ ایوان میں نہ وزیراعظم آتے ہیں اور نہ وزیر خزانہ، اس طرح کی دھمکی سے ایوان نہیں چلے گا۔ اس کے بعد اپوزیشن اراکین نے واک آؤٹ کیا تو شور شرابہ شروع ہو گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ اپوزیشن میں ہماری بات سننے کا حوصلہ ہونا چاہیے، کام ایسے کیوں کیے جس سے ان کو منہ چھپانا پڑتا ہے، شہباز شریف حقیقت سے منہ چھپا کر چلے گئے۔ ایک آدمی مجرم جیل سے آ کر تقریر کر کے عوام کو گمراہ کرتا ہے، جب ہم ایوان کو حقائق بتاتے ہیں تو ان کو تکلیف ہوتی ہے، ہم ان کو تکلیف دیتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 54 سال سے ڈیم کا منصوبہ نامکمل تھا، قوم کو مس گائیڈ کیا گیا، شہباز شریف کو پرابلم کہ ڈیم کیوں بنایا جا رہا ہے۔ اب ڈیم کسی صورت نہیں رکے گا، ہم اسے مکمل کریں گے۔