ملتان: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ دو صوبوں کی آواز لگانے والوں کو کہتا ہوں ایک نہیں بلکہ چھ صوبے بننے چاہیں، مگر پہلے ایک تو بننے دیا جائے اس میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔
ملتان کے ایک نجی ہوٹل میں تاجر برادری کی جانب سے منعقدہ تقریب میں شرکت کے موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ماضی سے یہ بحث رہی ہے کہ پنجاب کو دیگر چھوٹے صوبوں پر برتری حاصل ہے، بہت سے لوگوں کی سیاست بھی صرف اس ایشو کے گرد ہی گھومتی رہی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ نئے صوبے بننے چاہیں، ایک نہیں بلکہ چھ بنا دیے جائیں مگر پہلے ایک تو بننے دیا جائے، اس کے بعد ضروت پیش آئی تو اور صوبے بنا دیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین میں کچھ ملک ایسے بھی ہیں جو ہمارے پنجاب سے چھوٹے ہیں، میں نے تعصب سے بالاتر ہو کر اپنی جماعت سے انتظامی یونٹ کے بنانے کا سوال کیا۔
پنجاب میں لاہور کے بعد ملتان مجھے بڑا مرکز نظر آتا ہے، مستقبل میں اکنامک ایکٹی ویٹیز کا مرکز ملتان بن سکتا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکہ اپنی یونیورسٹیز سے قابل لوگوں کو آگے لاتا ہے، ہماری یونیورسٹیز میں بھی بہت سے قابل لوگ موجود ہیں مگر بدقسمتی سے ہمیں ان سے کام لینا نہیں آتا۔