اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے فوجی عدالتوں میں توسیع سے متعلق اجلاس میں اپنی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ تعاون کیلئے اپوزیشن سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔
فوجی عدالتوں میں توسیع سے متعلق وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کے چمبر میں اہم مشاورتی اجلاس ہو اجس میں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، فہمیدہ مرزا، شیریں مزاری اور عامر ڈوگر شریک ہوئے۔
پارلیمانی سیکرٹری ملیکہ بخاری نے اجلاس کے شرکا کو فوجی عدالتوں میں توسیع کے مسودے پر بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں الیکشن کمیشن کے 2 ممبران کے تقرر کے لیے ابتدائی ناموں پر بھی مشاورت کی گئی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے طے کیا ہے کہ حکومت اپنی کمیٹی تشکیل دے گی، اس اہم معاملے پر ہم اپنی حریف جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیں گے جبکہ اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں کے معاملے پر اپوزیشن کے تعاون کی ضرورت ہے۔ فوجی عدالتوں کیلئے ایک آئینی ترمیم درکار ہے جس کے لئے دو تہائی اکثریت چاہیے کیونکہ کسی جماعت کے پاس دو تہائی اکثریت نہیں ہے۔