اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم نے کسی قصوروار کا دفاع نہیں کیا نہ کریں گے، ساہیوال واقعہ کے قصورواروں کو سزا دی جائے گی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ساہیوال میں فیملی کو ناحق مارا گیا۔ ماضی میں حکومتوں نے معاملات دبائے لیکن اس دفعہ کوئی پردہ پوشی نہیں کی گئی، فوری طور پر اس واقعے کی مذمت کی گئی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت نے واقعے کی مذمت کی اور وزیراعلی پنجاب فوری طور پر ساہیوال گئے لیکن اس کے باوجود منتخب نمائندوں بارے غیر مناسب الفاظ استعمال کیے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی نوعیت ایسی تھی کہ فوری مقدمہ درج کرتے ہوئے انویسٹی گیشن کی گئی اور افسران کو معطل کیا گیا، ہم نے پولیس افسران کا دفاع نہیں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ذیشان بارے مزید تحقیقات کی جا رہی ہے، تمام حقائق سامنے آنے پرپتا چلے گا کون ذمہ دار ہے؟
وزیر خارجہ نے کہا کہ اپوزیشن نے اس معاملے کو بجا طور پر اٹھایا لیکن گزارش ہے کہ اس ایشو پر سیاست نہ کی جائے۔ کسی کے زخموں پر مرہم رکھنے کے بجائے نمک پاشی نہ کریں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ کسی قصوروار کو نہیں بخشا جائے گا قوم اور ایوان سے حقائق نہیں چھپائے جائیں گے،سانحہ ساہیوال کا فیئر ٹرائل ہوگا، معصوم متاثرین کی کفالت کریں گے۔