لاہور: (روزنامہ دنیا) متعدد بار طلبی کے باوجود بطور گواہ پیش نہ ہونے پر عدالت نے سابق ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی عائشہ ممتاز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
سرکاری وکیل کے مطابق بطور ڈائریکٹر عائشہ ممتاز نے 2016 میں ٹیم کے ہمراہ یو کے فوڈز پر چھاپہ مارا، اس دوران پروڈکشن یونٹ کے مالک ملزم احمد شاہ اور اس کے ملازمین عادل اور صدیق نے ٹیم کیساتھ بدتمیزی کی جس پر ان کیخلاف مقدمہ درج کرا یا گیا، جس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ کینٹ کی عدالت میں جاری ہے۔
قبل ازیں عدالت نے عائشہ ممتاز سمیت 8 گواہان کو طلبی کے نوٹس بھیجے مگر وہ پیش نہ ہوئے۔ بعد ازاں تمام گواہوں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے، وہ پھر بھی پیش نہ ہوئے جس پر گزشتہ روز عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو مراسلہ جاری کر دیا۔