اسلام آباد: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق عالمی عدالت میں زیر سماعت کلبھوشن یادیو کیس کے سلسلے میں پاکستانی وفد آج رات ہیگ روانہ ہوگا
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق 18 فروری کو بھارت دلائل کا آغاز کرے گا جبکہ 19 فروری کو پاکستان اپنے دلائل پیش کرے گا۔ 20 فروری کو بھارتی وکلا پاکستانی دلائل پر بحث کریں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق 21 فروری کو پاکستانی وکلا بھارت کے دلائل پر جواب دیں گے۔ اٹارنی جنرل، وزارت قانون اور خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی سماعت میں شرکت کے لیے ہیگ جائیں گے۔ سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی ایڈہاک جج کے فرائض سرانجام دیں گے۔ پاکستان عالمی عدالت کے فیصلے کا احترام کریگا۔ پاکستان عالمی عدالت کے ممکنہ فیصلے سے پرامید ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کلبھوشن کی ریٹائرمنٹ کے بھارت نے ثبوت فراہم نہیں کئے۔ مبارک حسین پٹیل کے نام سے جاری پاسپورٹ پربھارت نے تسلی بخش جواب نہیں دیا۔ مبارک حسین پٹیل کے نام سے سترہ بار کلبھوشن یادیو نے دہلی کا دورہ کیا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق عالمی عدالت سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ تین سے چار ماہ تک سنائے گئی۔ دونوں ممالک کی جانب سے اپنے شواہد عالمی عدالت میں جمع کروائے جا چکے ہیں۔ پاکستان یا بھارت مزید دستاویزات عالمی عدالت میں جمع نہیں کروا سکتے۔