اسلام آباد: (دنیا نیوز) کالا دھن چھپانے والوں کی بانڈز میں سرمایہ کاری بڑھ گئی۔ ایک سال کے دوران پرائز بانڈز میں سرمایا کاری میں 134 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔
ٹیکس چوروں اور کالا دھن رکھنے والوں کے خلاف حکومت نے گھیرا تننگ کرنا شروع کیا تو کئی افراد پرائز بانڈز خریدنے لگے۔ اعدادوشمار کے مطابق ایک سال کے دوران پرائز بانڈز میں سرمایا کاری 134 ارب روپے اضافے سے 922 ارب روپے تک پہنچ گئی جو دسمبر 2017ء میں 788 ارب روپے تھی۔
ایک سال میں 40 ہزار کے بانڈز میں سرمایا کاری ہوئی جو 34 ارب روپے اضافے سے 259 ارب روپے، 25 ہزار والے پرائز بانڈز میں سرمایا کاری 22 ارب روپے اضافے سے 156 ارب روپے، 15 ہزار کے پرائز بانڈز پر سرمایا کاری 28 ارب روپے اضافے سے 168 ارب روپے اور ساڑے 7 ہزار روپے والے پرائز بانڈز میں سرمایا کاری 21 ارب روپے اضافے سے 96 ارب روپے تک پہنچ گئی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق کالا دھن آسانی سے بانڈز کی خریداری میں استعمال ہو جاتا ہے، اسی لئے سخت حکومتی اقدامات کے باعث کئی افراد بانڈز کی خریداری میں رقم لگا رہے ہیں۔