سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کو رہائی کا پروانہ مل گیا

Last Updated On 15 February,2019 03:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کو رہائی کا پروانہ مل گیا، احتساب عدالت نے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے بعد رہائی کے لیے روبکار جاری کر دی۔

 لیگی ایم این اے رانا مبشر جاوید نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے ایک ایک کروڑ کے 2 ضمانتی مچلکے احتساب عدالت کے جج نجم الحسن کے روبرو جمع کروائے۔ احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے ضمانتی مچلکوں کا جائزہ لینے کے بعد انہیں منظور کرتے ہوئے شہباز شریف کی رہائی کے لیے روبکار جاری کردی۔

عدالتی کارروائی کے بعد لیگی رہنما رانا مبشر جاوید شہباز شریف کی رہائی کا پروانہ لیکر کوٹ لکھپت جیل روانہ ہوگئے، گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف کی آشیانہ اقبال سکینڈل اور رمضان شوگر ملز کیس میں ضمانتیں منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق رہائی کے بعد شہباز شریف لاہور میں سب سے پہلے اپنی والدہ سے ملیں گے، اپوزیشن لیڈر لاہور میں اپنے بھائی نواز شریف سے بھی ملاقات کریں گے، شہباز شریف سے آج پارٹی رہنماؤں کی بھی ملاقاتیں ہوں گی۔

واضح رہے شہباز شریف 64 دن تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کی حراست میں رہے، اپوزیشن لیڈر کو 6 دسمبر 2018 کو احتساب عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجوایا، سابق وزیراعلیٰ پنجاب 5 روز تک کوٹ لکھپت جیل میں رہے، 11 دسمبر کو شہبازشریف قومی اسمبلی کے اجلاس کے لیے اسلام آباد گے۔

اپوزیشن لیڈر گزشتہ 2 ماہ سے قومی اسمبلی کے اجلاس، پی اے سی کی مٹینگ اور علاج کے لیے اسلام آباد میں مقیم ہے۔ احتساب عدالت نے 2 ماہ کے دوران 6 بار طلب کیا مگر وہ پیش نہ ہوئے۔ احتساب عدالت نے شہباز شریف کو 18 فروری کو دوبارہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔

 

Advertisement