ملتان سکھر موٹروے منصوبے میں مبینہ کرپشن، چینی کمپنی کا وضاحتی بیان جاری

Last Updated On 21 February,2019 09:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملتان سکھر موٹروے منصوبے میں مبینہ کرپشن، چینی کمپنی نے وزیر مواصلات مراد سعید کے الزامات مسترد کرتے ہوئے وضاحتی بیان جاری کر دیا۔ کمپنی نے کہا ہے کہ ٹھیکہ تمام مقامی اور بین الاقوامی قوانین پر پورا اترنے کے بعد حاصل کیا، کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں۔

الزامات پر چینی کمپنی چائنا سٹیٹ انجینئرنگ کارپوریشن لمیٹڈ نے پانچ نکاتی وضاحتی بیان جاری کر دیا ہے۔ کمپنی نے موقف اختیار کیا کہ ٹھیکہ تمام مقامی اور بین الاقوامی قوانین پر پورا اترنے کے بعد حاصل کیا۔

سابق وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موٹروے کی تعمیر کا معاہدہ دو ریاستوں کے درمیان ہوا اور ٹھیکہ چین کی سب سے بڑی کمپنی کو میرٹ پر دیا گیا۔

392 کلومیٹر طویل ملتان سکھر موٹروے منصوبے پر 3 ارب ڈالر سے زائد لاگت آئے گی اور یہ منصوبہ تین سال کی مدت میں مکمل ہوگا۔ خیال رہے کہ ملتان سکھر موٹروے کے ٹھیکے میں مبینہ کرپشن کے الزامات پر نیب نے بھی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور بولی منظور کرنے والی کمیٹی کے 9 ارکان نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں۔