ڈیرہ مراد جمالی: (دنیا نیوز) دھماکے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے مزدور چوک میں دھماکے سے 15 افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ریسکیو ٹیمیں حرکت میں آئیں، جنہوں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ایمبیولینسوں کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ دھماکے میں ایک زخمی شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکا موٹر سائیکل میں نصب بم پھٹنے سے ہوا۔ پولیس نے دھماکے کے بعد قریبی مارکیٹ بند کرا دی جبکہ زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق جاں بحق شخص کا نام محمد عمر بتایا جا رہا ہے۔ دھماکے میں چار سے زائد زخمیوں کو مزید علاج کے لئے لاڑکانہ ریفر کر دیا گیا ہے۔
دھماکے کے بعد پولیس نے سیکورٹی فورسز کے ہمراہ جائے وقوعہ کو اپنے گھیرے میں لے لیا ہے۔