کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے کئی اضلاع میں بارشوں نے تباہی مچا دی، قلعہ عبداللہ میں 2 ہزار سے زائد خاندان متاثر ہوئے، تربت کے قریب دریائے کیچ میں اونچے درجے کاسیلاب ہے، پنجاب اور اندرون سندھ بھی تیز بارش ہوئی۔
پنجاب، اندرون سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں۔ تربت، قلعہ عبداللہ، ہرنائی اور کوئٹہ کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ تربت سے سیلابی ریلہ دریائے کیچ میں داخل ہو گیا، جہاں اونچے درجے کا سیلاب ہے، میرانی ڈیم میں بھی پانی کی سطح بڑھ گئی جہاں پانی کی سطح 245 فٹ تک بلند ہو گئی ہے۔
ناصر آباد میں سیلابی پانی داخل ہونے سے ایف سی اور انتظامیہ نے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے، نوشکی میں نالہ خیصار میں طغیانی سے پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق قلعہ عبداللہ میں دو ہزار سے زائد خاندان متاثر ہوئے، صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
بارش کے بعد دکی میں گھر کی چھت گر گئی جس کے تنیجے میں ایک شخص شدید زخمی ہوا جبکہ دو کو بحفاظت ملبے سے نکال لیا گیا۔ بھکر کی تحصیل دریا خان میں مسلسل بارش سے مختلف علاقوں میں مکانات کی چھتیں گرنے سے آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔ خیر پور ناتھن شاہ، ٹھٹھہ اور ٹنڈو الہٰ یار میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، ژالہ باری سے گندم کی فصل کو بھی نقصان پہنچا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، پنجاب، اسلام آباد اور کشمیر کے اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی بھی کی ہے۔