اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی نے حکومتی رویہ کے خلاف دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے کا فیصلہ کرتے ہوئے اے پی سی بلانے پر غور شروع کر دیا ہے۔ بلاول بھٹو کی نواز شریف سے ہونے والی ملاقات بھی اسی سلسلے کی کڑی قرار دی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے بھارت کے ساتھ کشیدگی کے معاملہ اور حکومتی رویہ پر متفقہ حکمت عملی اپنانے کے لیے سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے درمیان اہم ملاقات سوموار کو ہوگی۔ ملاقات میں نواز شریف کی صحت سمیت پاک بھارت کشیدگی اور اپوزیشن سے حکومتی رویہ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پیپلز پارٹی کا موقف ہے کہ ملک حالت جنگ میں ہے۔ قوم کو متحد رکھنے کے لیے قومی یکجہتی پالیسی بنانا ہو گی۔ پیپلز پارٹی سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ملکی صورتحال اور حکومتی رویہ پر تبادلہ خیال کرے گی۔
پیپلز پارٹی تمام سیاسی جماعتوں کو حکومت مخالف ایک پیج پر لانے میں کردار ادا کرے گی۔ پیپلز پارٹی کا حکومت کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ پر اکٹھا کرنے کا فیصلہ کر لیا اور اے پی سی بلانے کا آپشن بھی زیر غور ہے۔