کراچی: (دنیا نیوز) گلشن اقبال کراچی میں دفاتر پر مشتمل مصروف عمارت میں آگ لگ گئی، واقعے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 13 زخمی ہوئے، تقریبا ایک گھنٹے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔
گلشن اقبال یونیورسٹی روڈ پر 13 منزلہ عمارت میں آگ لگ گئی۔ جس سے دو فلور متاثر ہوئے، 7 فائر ٹینڈر، 2 اسنارکل، پاک بحریہ کی ٹیمیں اور ہیلی کاپٹر موقع پر پہنچے، واٹر بورڈ نے بھی ایمرجنسی نافذ کر دی، تقریبا ایک گھنٹے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا لیکن آگ لگتے ہی ایسی بھگدڑ مچی کہ کچھ لوگ عمارت کی چھت پر پہنچ گئے جبکہ کچھ افراد نے جان بچانے کیلئے چھلانگ لگا دی۔ جھلسنے والوں اور زخمیوں کو مختلف سرکاری ونجی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے واقعے پر نوٹس لیا اور زخمیوں کو بہتر طبی امداد دینے کی ہدایت کی۔