پاکستانی جنوبی مشرقی ایشیا کی سب سے خوش قوم

Last Updated On 21 March,2019 10:31 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ورلڈ ہیپی نیس رپورٹ 2019ء کے مطابق پاکستانی جنوبی مشرقی ایشیا میں اپنی علاقے کی سب سے خوش قوم ہیں۔ عالمی درجہ بندی میں پاکستان کا 67 واں جبکہ بھارت کا اس فہرست میں 140واں نمبر ہے۔

جرمن خبر رساں ادارے ڈوئچے ویلے میں چھپنے والی دلچسپ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی درجہ بندی میں پاکستان کا نمبر 67 ہے۔ 2018ء میں اس حوالے سے جاری ہونے والی رپورٹ میں عالمی درجہ بندی میں خوشی کے لحاظ سے پاکستان کا نمبر 75 تھا اور اس طرح ایک سال کے دوران پاکستان آٹھ درجے اوپر آیا ہے۔

پاکستانی اپنے ہمسایہ ممالک میں سے سب سے زیادہ خوش قوم ہیں۔ پاکستان کے ہمسایہ ملک بھارت کا نمبر خوشی کی اس درجہ بندی میں 140 واں ہے۔ چین کا 94، سری لنکا 131، ایران 118 جبکہ افغانستان 154 ویں پوزیشن پر ہے۔

یہ رپورٹ اقوام متحدہ کی طرف سے تیار کرائی گئی جبکہ اسے عالمی سطح پر 20 مارچ کو منائے جانے والے خوشی کے عالمی دن یعنی ’ورلڈ ہیپی نیس ڈے‘ کے موقع پر جاری کیا گیا۔

ورلڈ ہیپی نیس رپورٹ 2019ء میں دنیا کے 156 ممالک میں اس بات کا جائزہ لیا جاتا ہے کہ اس ملک کے شہری اپنے ملک میں زندگی گزارنے پر کس قدر خوشی محسوس کرتے ہیں۔ یہ درجہ بندی مختلف عوامل کو مدنظر رکھ کر مرتب کی جاتی ہے جن میں اوسط عمر، ویلفیئر سپورٹ، سماجی آزادی، فیاضی اور کشادہ دلی اور حکومت اور تجارت میں بدعنوانی کا درجہ وغیرہ شامل ہیں۔

ورلڈ ہیپی نیس رپورٹ 2019ء کے مطابق دنیا کی پانچ سب سے خوش اقوام میں فِن لینڈ پہلے، ڈنمارک دوسرے، ناروے تیسرے، آئس لینڈ چوتھے جبکہ ہالینڈ پانچویں نمبر ہے۔

دوسری طرف خوشی کے حوالے سے مرتب کی گئی 156 مملک کی اس درجہ بندی میں جنوبی سوڈان سب سے نیچے ہے جس کے بعد وسطی افریقی جموریہ، افغانستان، تنزانیہ اور روانڈا کا نمبر آتا ہے۔

جرمنی سال 2019ء کی اس درجہ بندی میں 17ویں نمبر پر آیا ہے جبکہ گزشتہ برس یعنی 2018ء میں جرمنی اس فہرست پر 15ویں نمبر پر تھا۔ امریکا رواں برس 19ویں نمبر پر ہے تاہم یہ بات قابل غور ہے کہ امریکا مسلسل اس فہرست میں نیچے کی طرف جا رہا ہے۔