وزیراعظم بینظیر انکم پروگرام کا نام بدلنے کے حامی، شاہ محمود کی مخالفت

Last Updated On 31 March,2019 07:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام بدلنے کا پروگرام بنا لیا، وزیراعظم نے اتحادی رہنماؤں کو یقین دہانی کرا دی جس پر ارباب غلام رحیم نے ان کا شکریہ اداکیا۔ دوسری جانب وزیرخارجہ نے پروگرام کا نام بدلنے کی مخالفت کر دی, کہتے ہیں‌ ذاتی طور پر یہ نام بدلنے کے مخالف ہوں.

حکومت کی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام بدلنے کی تیاری، نام تبدیل کرنے کا مطالبہ گھوٹکی میں اجلاس کے دوران جی ڈی اے کی جانب سے کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے اتحادی رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کیا جارہا ہے، وزیراعظم کی یقین دہانی پر ارباب غلام رحیم نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ دوسری جانب وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بے نظیر سپورٹ پروگرام کا نام بدلنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ذاتی طور پر اس اقدام کے حامی نہیں۔

دوسری طرف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنا حکومت کے لیے ایک مشکل امتحان ہوگا، اس کے لئے قانون میں ترمیم کرنا پڑے گی۔ ذرائع کے مطابق حکومت قومی اسمبلی سے سادہ اکثریت سے قانون میں ترمیم کروا سکتی ہے۔

سینٹ میں حکومت کی اکثریت نہیں، وہاں منظوری میں دشواری ہوسکتی ہے، حکومت عارضی طور پر آڈریننس کے ذریعے بھی نام بدل سکتی ہے جسے
120 روز کے بعد قومی اسمبلی میں لانا ہو گا۔