کراچی: (روزنامہ دنیا) آئی جی ڈاکٹر کلیم امام نے کہا ہے کہ سندھ پولیس میں پہلی مرتبہ خواجہ سراؤں کو ملازمت دی جائیگی، جو مختلف دفاتر میں فرائض انجام دینگے۔
سندھ پولیس کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پولیس میں معذوروں کا کوٹہ بھی بحال کیا جا رہا ہے جبکہ اقلیتی برادری سے وابستہ افراد کو بھی ملازمت دی جائیگی۔
آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام کا کہنا تھا کہ پولیسنگ کے معیار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے ساتھ تھانوں کی سطح پر عوام دوست ماحول کو فروغ دینگے کیونکہ جرائم کے خلاف شہریوں اور پولیس کا تعاون کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بحالی امن اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کی خاطر پولیس کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ پولیس ملازمین کی فلاح وبہبود کیلئے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔
سندھ پولیس کے ایجوکیشن کوٹہ اور رہائشی سہولیات کے ضمن میں حکومت سندھ کو سمری ارسال کر دی ہے جبکہ پولیس اہلکاروں کو آسان اقساط پر قرضوں کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔