لاہور: (دنیا نیوز) ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس نے استعفیٰ دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی کارروائی پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس نے عہدہ چھوڑا۔
لاہور ہائیکورٹ میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کیخلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب لاہور ہائیکورٹ کے طلب کرنے پر پیش ہوئے، عثمان بزدار کو فل بنچ نے روسٹرم پر بلا لیا۔ جسٹس قاسم نے وزیراعلیٰ پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کیا آپ کو معلوم ہے کہ آپ کو کیوں بلایاگیا ؟ جس پر عثمان بزدار نے کہا جی مجھے معلوم ہے۔
جسٹس قاسم خان نے کہا ایڈووکیٹ جنرل پنجاب صوبے کا اعلیٰ افسر ہوتا ہے۔ جسٹس ملک شہزاد نے وکلا کی جانب سے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا دیکھ رہے ہیں آپ وزیراعلیٰ صاحب، یہ ہے نیا پاکستان جہاں وزیراعلیٰ کو بلائیں تو اتنے وکیل آجاتے ہیں، 20 دن ہوگئے، یہ مسئلہ حل نہیں ہوا، یہاں تماشا لگا دیا گیا۔
جسٹس قاسم خان نے پراسیکیوٹر کو کورٹ کا آرڈر پڑھ کر سنانے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، میرے والد فوت ہوچکے تھے تو مصروف تھا۔