لاہور: (عاطف پرویز ) ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ملک بھر میں بی اے بی ایس ڈگری پروگرام پر پابندی لگا دی اور ملک بھر کی تمام جامعات کو پابند کیا ہے کہ وہ اب دوسالہ بی اے بی ایس پروگرام آف نہیں کرینگی۔ تاہم بی اے / بی ایس سی کی دو سالہ ڈگری رکھنے والے طلباء کو ایچ ای سی اور متعلقہ یونیورسٹی کی جانب سے متعین کردہ 15-18کریڈٹ آورز پر محیط کورسز مکمل کرنے کے بعد چار سالہ بی ایس پروگرام کے تیسرے سال یعنی پانچویں سمسٹر میں داخلہ لینے کی اجازت ہو گی۔
ایچ ای سی کی جانب سے جاری پریس ریلز کے مطابق دو سالہ بی اے / بی ایس سی کی جگہ جامعات اب ایچ ای سی کی منظوری کے بعد 12 سالہ اسکولنگ والے طلباء کے لئے اپنے منظور شدہ کیمپسز یا کالجز کے ذریعے جاب مارکیٹ میں اہمیت کے حامل مضامین میں ایسوسی ایٹ ڈگری کرواسکتی ہیں۔ ایسوسی ایٹ ڈگری کی تفصیلات ایچ ای سی کی ویب سائیٹ پر دستیاب ہیں۔ ایسوسی ایٹ ڈگری رکھنے والے طلباء داخلے کی اضافی لوازمات کو پورا کرنے کے بعد بی ایس پروگرام کے پانچویں سمسٹر میں داخلہ لے کر دوبارہ تعلیمی نظام میں آنے کے بھی اہل ہوں گے۔
دوسری طرف ایڈیشنل سیکرٹری اکیڈمک پنجاب ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ طارق حمید بھٹی نے کہا کہ ایچ ای سی نے بی اے بی ایس 2 سالہ ڈگری پروگرام پر پابندی عائد کرنے کے حوالے سے مشاورت نہیں کی۔ ایچ ای سی کے فیصلے کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے کوئی بھی اقدام مشاورت کے بعد کریں گے۔ اعلٰی تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی) پنجاب نے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے مشاورت کیے بغیر ہی بی اے بی ایس ڈگری پروگرام پر پابندی لگا دی۔ صوبائی اعلیٰ تعلیم کے محکمہ کا کہنا ہے کہ مشاورت کے بعد فیصلے کے حوالے سے جواب دینگے۔