پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں میں پانچویں روز بھی ڈاکٹروں کی ہڑتال جاری ہے، علاج کی سہولیات نہ ملنے پر مریض بے یارومدد گار دکھائی دیتے ہیں، مریضوں کے لواحقین کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر بے حسی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، طبی سہولت نہ ملنے پر مریض دم توڑ رہے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں ڈاکٹرمطالبات کی منظوری کیلئے پانچویں روز بھی سراپا احتجاج ہیں، طبی مرکز میں اتوارکو او پی ڈیز بند ہوتی ہیں البتہ انتظامیہ کا دعوی ہے کہ ایمرجنسی میں مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے جبکہ صورتحال اس سے مختلف ہے، مریضوں کے تیمارداروں نے آنکھوں دیکھاحال بتا دیا، دوسری جانب خیبر پختوانخوا ڈاکٹر کونسل نے مطالبات پورے ہونے تک ہڑتال جاری رکھنے کا عندیہ دیدیا۔
چیئرمین خیبر پی کے ڈاکٹر فورم کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں کی نجکاری منظور نہیں کریں گے، وزیر صحت نوشیروان برکی کو فوری طور پر وزارت سے ہٹایا جائے جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔