چارسدہ: (دنیا نیوز) چارسدہ کے تھانہ عمرزئی کے علاقہ علی جان کلی میں تین بھائیوں کے قتل کے خلاف اہلیان علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے تینوں بھائیوں کی میتیں عمرزئی چوک میں رکھ کر سڑک کو بند کر دیا.
احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ تینوں بھائیوں کو بہیمانہ طور پر قتل کیا گیا لیکن پولیس قاتلوں کو گرفتار کر نے میں ناکام ہے. واقعہ رات دس بجے کے قریب پیش آیا لیکن مقامی پولیس بے خبر رہی اور اہلیان علاقہ نے لاشوں کو اٹھاکر ہسپتال پہنچایا جو کہ پولیس کی نااہلی ہے.
مظاہرین کا کہنا ہے کہ ان کا احتجاج تب تک جاری رہے گا جب تک پولیس کے اعلی افسران اور صوبائی حکومت کے افسران بالا آ کر انہیں ملزموں کی فوری گرفتاری کی یقین دہانی نہیں کراتے.
اس دوران ڈی ایس پی تنگی اور ڈی ایس پی سرڈھیری نے احتجاج ختم کرانے کےلئے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات بھی کئے جوکہ بے سود ثابت ہوئے. مظاہرین کا احتجاج تا حال جاری ہے. دوسری جانب واقعہ کی ایف آئ آر تھانہ عمرزئی میں نادر خان، ناصر جمال اور پیر محمد کے خلاف مقتولین کی والدہ کی مدعیت میں درج کی گئی ہے جس میں واقعہ کو جائیداد کے تنازعے کا شاخسانہ قرار دیا گیا ہے.