کراچی: (دنیا نیوز) رات گئے کراچی کے علاقے ناگن چورنگی کے قریب نجی ہسپتال میں مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے سے ڈیڑھ سالہ زینب جان کی بازی ہار گئی۔
کراچی میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا۔ نجی ہسپتال میں مبینہ غلط انجیکشن لگنے سے ڈیڈھ سالہ بچی کی موت سے ایک ماں کی عید اجڑ گئی۔ بچی کی ہلاکت کے بعد ورثاء نے ہسپتال کے باہر احتجاج کیا۔
زینب کو قے کی شکایت پر ہسپتال لیکر گئے، ڈاکٹرز کی جانب سے انجیکشن لگانے پر ہاتھ پاؤں اکڑ گئے۔ زینب کی حالت غیر ہوتے دیکھ کر لیڈی ڈاکٹر ہسپتال سے فرار ہوگئی۔
واقعے کے بعد فیملی کی طرف سے قانونی کارروائی کے لئے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، تاہم تفتیش کے لئے ہسپتال کے ایڈمنسٹریٹر کو معلومات کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔
بچی کے اہلخانہ نے اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے ہسپتال کو سیل کر کے قاتلوں کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کر دیا۔