لاہور: چاند رات اور عیدالفطرپر لاہور پولیس کا سکیورٹی پلان جاری

Last Updated On 03 June,2019 05:00 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور پولیس نے چاند رات اور عید پر شہر میں سیکیورٹی پلان جاری کر دیا ہے۔

 

مارکیٹوں، شاپنگ سنٹرز اور تفریحی مقامات پر خصوصی پولیس سکواڈ تعینات کی جائے گی۔ 278 مساجد کو اے کیٹیگری، 432 مساجد کو بی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے جبکہ 3423 مساجد کو سی کیٹیگری کے مطابق حساس قرار دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق لاہور کے اہم مقامات کی سکیورٹی کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ سادہ لباس میں ملبوس پولیس اہلکار بھی امن وامان یقینی بنانے کے لئے تعینات کئے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ مساجد، عید گاہوں، امام بارگاہوں اور کھلے مقامات پر عید اجتماعات کا سیکیورٹی پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ تفریح گاہوں، پارکوں اور قبرستانوں کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان مرتب کیا جا چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور شہر کی 4533 مساجد میں فرزندان توحید نماز عید ادا کریں گے۔ 193سے زائد کھلے مقامات پر ادا کی جانے والی نماز عید کو بھی سکیورٹی فراہم کریں گے۔ عید پر سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔