اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ وسطی اور جنوبی پنجاب، مشرقی بلوچستان اور صوبہ سندھ میں موسم شدید گرم رہے گا۔
ملک کے مختلف حصوں میں گرمی اپنا رنگ دکھا رہی ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق لاہور کا موسم آج بھی گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ سورج دن بھر چمکتا رہے گا، پارہ 43 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو سکتا ہے۔
گزشتہ روز مری میں ہونے والی بارش کے سبب شہر بے مثل اسلام آباد کے باسیوں کی رات اچھی گزری تاہم راولپنڈی اسلام آباد میں سورج صبح سویرے سے پوری آب و تاب کے ساتھ کرنیں بکھیر رہا ہے۔
ادھر عید کے تیسرے روز بھی سورج کراچی والوں کو آنکھیں دکھا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں زیادہ سے ذیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنےکا امکان ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ روز جیکب آباد 48، مٹھی، پڈعیدن، سبی، شہید بنظیرآباد اور روہڑی میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔