شہباز شریف نے میثاق معیشت پر اچھی پیشکش دی: سپیکر قومی اسمبلی

Last Updated On 21 June,2019 08:49 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے میثاق معیشت پر اچھی پیشکش دی ہے۔ معاشی مسائل سے نمٹنے کے لیے پارلیمنٹ، عدلیہ اور فوج کو مل کر لائحہ عمل بنانا ہوگا۔

دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کیساتھ“ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سپیکر اسد قیصر نے بتایا کہوزیر خزانہ کی تبدیلی کے بعد میثاق معیشت پر معاملات آگے نہیں بڑھ سکے، ہم نے اس معاملے پر دو میٹنگز رکھیں لیکن ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نہیں آئے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کے معاشی مسائل سنگین ہیں، ان معاشی مسائل سے نمٹنے کے لیے پارلیمنٹ، عدلیہ اور فوج کو مل کر لائحہ عمل بنانا ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ میاں شہباز شریف نے اچھی پیشکش دی ہے، اسے آگے بڑھانا چاہیے۔ اسمبلیوں، عدلیہ اور فوج کو مل کر میثاق معیشت پر بحث کرنا چاہیے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ میں لیڈرشپ سے مل کر کوشش کروں گا کہ میثاق معیشت پر ایک کمیٹی بنائی جائے۔ کوشش کروں گا کہ اس سپیشل کمیٹی میں تمام پارلیمانی جماعتوں کی نمائندگی ہو۔ سپیشل کمیٹی کے لیے دونوں جانب سے رضامندی درکار ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ احتساب معاشرے میں ایک روح کی حیثیت رکھتا ہے۔ احتساب کے بغیر کوئی معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا۔ مجھے یقین ہے کہ پارلیمنٹ سے بجٹ پاس ہو جائے گا۔ بجٹ پاس کرانے میں حکومت اور اپوزیشن اپنا اپنا کردار ادا کریں گے۔