میانوالی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جو دعوے کئے تھے، ان میں سے ایک بھی پورا نہیں کیا۔
قمر زمان کائرہ کا مقامی ہوٹل میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نہ مہنگائی کم ہوئی، نہ نوکریاں ملیں اور نہ گھر ملے بلکہ عوام سے سب کچھ چھینتے ہوئے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے حکومت کے خلاف آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنا ایجنڈا تشکیل دے دیا ہے، انشا اللہ سینیٹ چیئرمین کی تبدیلی سے حکومت کو بہت بڑا سرپرائز دیں گے۔
قمر زمان کائرہ نے مریم نواز کی طرف سے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی منظر عام پر لائی گئی مبینہ ویڈیو کے حوالے سے کہا کہ یہ انتہائی تشویشناک انکشاف ہے، اگر یہ سچ ہے تو اس سے بڑی خطرناک بات اور کوئی ہو نہیں سکتی۔