لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ احتساب عدالت کے جج کو ہٹانے کے بعد نوازشریف کے خلاف فیصلہ کالعدم ہو چکا ہے۔
احتساب عدالت کے جج کو ہٹانے پر اپنے ردعمل میں شہباز شریف نے کہا کہ جج کے منصب سے ہٹنے کے بعد نوازشریف کو فی الفور رہا کیا جائے، نوازشریف کو جیل میں ایک منٹ بھی رکھنا اب غیر قانونی ہے، سچائی ثابت ہونے پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ویڈیو اور اس سے جڑے تمام حقائق سچ ثابت ہو گئے ہیں، نوازشریف کے خلاف دباؤ کے تحت دیئے گئے فیصلے کالعدم قرار دیئے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ جج ہٹانے کے بعد نوازشریف کو جیل میں رکھنے کا جواز ختم ہو گیا، انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے نواز شریف کو فی الفور رہا کیا جائے۔