ملتان: (دنیا نیوز) ویڈیو سکینڈل میں مبینہ طور پر ملوث میاں طارق کی دکان پر ایف آئی اے نے رات گئے چھاپہ مار کر اہم دستاویزات قبضے میں لے لیں۔ ملزم طارق پر سابق جج محمد ارشد ملک سمیت اعلی شخصیات کی ویڈوز بنا کر بلیک میل کرنے کا الزام ہے. دوسری جانب سکینڈل کے مرکزی کردار لیگی کارکن ناصر بٹ کے راولپنڈی میں ڈیرے پر بھی چھاپہ مارا گیا، ملزم سکینڈل سامنے آنے پر لندن جا چکا ہے.
احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کی ویڈیو سے متعلق تحقیقات میں پیش رفت کیلئے سکینڈل میں مبینہ طور پر ملوث میاں طارق کی ملتان میں واقع دکان پر چھاپہ مارا، ایف آئی اے ٹیم نے دکان کے تالے توڑکر اہم دستاویزات قبضے میں لیں، ریڈ پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ کیا گیا، ٹیم کے ساتھ 2 نقاب پوش افراد بھی موجود تھے۔
ملزم میاں طارق محمود ملتان کا رہائشی اور کاروباری شخصیت ہے، اس پر جج محمد ارشد ملک سمیت اعلی شخصیات کی ویڈوز بنا کر انہیں بلیک میل کرنے کا الزام ہے، ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے ملزم کو چند روز قبل گرفتارکیا تھا اور بعد ازاں عدالت میں پیش کر کے اس کا جسمانی ریمانڈ بھی لے لیا گیا۔
دوسری جانب ویڈیو سکینڈل کے مرکزی کردار ناصر بٹ کے کھوئی رتہ راولپنڈی میں موجود ڈیرے پر بھی ایف آئی اے نے چھاپہ مارا، ملزم سکینڈل سامنے آنے پر لندن جا چکا ہے اور اس کے پاکستان اور لندن کے موبائل فون نمبر بھی بند ہیں۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ناصر بٹ کے ڈیرے کی مکمل نگرانی کی جائے گی۔