واشنگٹن: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے کامیاب دورہ امریکا کے بعد ایک اور بڑی خبر سامنے آئی ہے جس کے مطابق پاک امریکا دو طرفہ ”اعلیٰ سطح میکینزم“ تشکیل دینے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ اتفاق دونوں ممالک کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات میں ہوا۔ دو طرفہ سطح پر میکینزم کے خدوخال، طریقہ کار اور امور جلد باضابطہ وضع کیے جائیں گے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق پاک، امریکا قیادت کے طے شدہ فیصلوں پر میکینزم کے تحت عملدرآمد ہوگا۔ نئی حکمت عملی میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ربط، دفاع اور سلامتی امور شامل ہیں۔ پاکستان اور امریکی اعلیٰ حکام میکینزم کو حتمی شکل دینے کیلئے جلد ملیں گے۔