کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں رواں برس کانگو وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد پانچ ہو گئیں، عید الاضحیٰ قریب آتے ہی کانگو کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔
کانگو سے متاثرہ لانڈھی کا رہائشی 27 سالہ فہیم احمد نجی ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق فہیم احمد میں کانگو ہیمریجک بخار کی تصدیق کی گئی تھی۔
فہیم بھینس کالونی میں بھینسوں کے باڑے میں کام کرتا تھا۔ اس سے قبل چند روز قبل کوئٹہ سے بھی کانگو وائرس سے متاثرہ اشرف خان کو جناح ہسپتال لایا گیا جہاں وہ آئیسولیشن وارڈ میں زیر علاج ہے۔ متاثرہ شخص اشرف خان ولد حیات اللہ کوئٹہ بلوچستان کا رہائشی ہے۔
جناح ہسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق اشرف خان کو آئسولیشن وارڈ میں داخل کیا گیا ہے۔ رواں سال کانگو وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 ہو چکی ہے اور رواں برس کانگو سے اب تک چھ اموات ہو چکی ہیں جن میں سے 5 کا تعلق کراچی سے تھا۔