اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے دوران کس کس نے دھوکا دیا ؟ باغی سینیٹرز کی تلاش کے لیے مسلم لیگ ن نے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا۔
منسٹرز انکلیو میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی رہائش گاہ پر مسلم لیگ ن کے سینیٹرز کا اہم اجلاس ہوا۔ سینیٹر دلاور خان اور راحیلہ مگسی کی غیر حاضری پر شہباز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے دونوں کو ارکان کو فون کر کے بلا لیا، خواجہ آصف نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صادق سنجرانی کو ووٹ دینے والے ارکان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منحرف سینیٹرز کی کھوج کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے گی، کمیٹی ارکان کا فیصلہ شہباز شریف کریں گے، کمیٹی پارٹی لائن کی خلاف ورزی کرنے والے سینیٹرز کی نشاندہی کرے گی۔ اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہارس ٹریڈنگ جیت گئی، جمہوریت کے وقار کو ایک بار پھر مجروح کیا گیا، 14 سینیٹرز نے ضمیر فروشی کی اور تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنایا، تمام اپوزیشن سے مل کر لائحہ عمل تیار کریں گے، ضمیر فروشی کرنے والے ارکان کو تلاش کریں گے اور کارروائی ہوگی۔