عمران خان نے تمام اداروں‌ میں ریفارمز متعارف کروائیں: فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 18 August,2019 10:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز)معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس قومی ایجنڈے پر سب متفق ہیں، وزیراعظم مسلسل مظلوم کشمیریوں کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ عمران خان نے تمام اداروں‌ میں ریفارمز متعارف کروائیں.

 اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے، بچے دودھ اور بیمار ادویات کو ترس رہے ہیں، حق کیلئے آواز اٹھانے والا بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی کا نشانہ بنتا ہے۔ گزشتہ کئی ہفتے سے مقبوضہ وادی میں بھارتی جارحیت جاری ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ہم صرف قومی بیانیہ لے کر آگے چل رہے ہیں، کشمیر کاز کیلئے ہم نے اپنے سیاسی اختلافات پس پشت ڈال دیئے۔ وزیراعظم مسلسل مظلوم کشمیریوں کی جنگ لڑ رہے ہیں، انھوں نے ایک سال میں نئے پاکستان کی تکمیل کی اس کے باوجود بدترین تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ہم سب میڈیا کےذریعے عوام کو جوابدہ ہیں، چند افراد اور ایلیٹ کلاس عوام کے حقوق چھینتے رہے۔ ہر ادارے میں اصلاحات کی ضرورت تھی، عمران خان نے ہر ادارے میں ریفارمز متعارف کرائیں۔ ریلوے خسارے میں ملا، انتھک محنت سے پاؤں پر کھڑا کیا۔ انصاف اور احساس تک معاشرے میں تبدیلی نہیں آ سکتی، احساس پروگرام کیلئے 152 ارب روپے مختص کیے ہیں۔

انھوں نے مختلف محکموں کی کارکردگی بیان کرتے ہوئے کہا کہ 175 ممالک کیلئے آسان ویزہ پالیسی متعارف کرائی گئی، سمگلنگ کی روک تھام کیلئے وزارت داخلہ نے مربوط اقدامات کیے۔ وزارت اطلاعات میں سوشل میڈیا کا ونگ قائم کیا گیا ہے، وزارت خارجہ نے بھارت کی تمام سفاکانہ کارروائیاں ناکام بنائیں۔ آخر میں انھوں نے اپوزیشن کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کشمیر کے معاملے پر حکومت کے قومی بیانیے کو سپورٹ کیا۔

 

 

Advertisement