کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج تین مریض کانگو وائرس کا شکار ہو کر انتقال کر گئے۔
سول ہسپتال میں زیر علاج مواچھ گوٹھ کا رہائشی شبیر کانگو وائرس سے انتقال کر گیا جبکہ انڈس ہسپتال میں زیر علاج سید اسد علی رضوی بھی جان کی بازی ہار گیا۔ اسد علی رضوی کو سترہ اگست کو انڈس ہسپتال علاج کے لیے لایا گیا تھا۔
کانگو کے شبے میں ٹھٹھہ سے لائے گئے ہمل جمو خان بھی جناح ہسپتال میں چل بسا۔ ہمل کو ایک ہفتے سے تیز بخار کی شکایت پر ہسپتال لایا گیا تھا۔
رواں برس کراچی میں کانگو سے بارہ اموات ہو چکی ہیں جبکہ ستائیس کیسز مختلف سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں رپورٹ ہو چکے ہیں۔