اسلام آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان کا کہنا ہے کہ یہ جنگ مقبوضہ کشمیر کی نہیں بلکہ خطے کے امن واستحکام کی جنگ ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں دس ہزار افراد بشمول بچوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر مسعود خان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے سمجھنا ہوگا کہ مقبوضہ کشمیر کا سانحہ کیا ہے؟ مسئلہ کشمیر صرف عوامی انقلاب سے حل ہوگا۔ پوری دنیا کے میڈیا نے پہلی مرتبہ بھارت اور مودی کو دہشت گرد کہا۔ ہم کشمیر کو ہندواتوا کا نشانہ نہیں بننے دیں گے۔
صدر آزاد کشمیر مسعود خان کا کہنا تھا کہ اگر ثالثی ہوئی اور اس میں کشمیری شامل نہ ہوئے تو ہم اسے تسلیم نہیں کریں گے۔ ہم چین کے شکر گزار ہیں جس نے چٹان کی طرح سلامتی کو مقدم رکھا۔
اس موقع پرترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں اطلاعات تک رسائی نہ ہونے سے انتہائی گھمبیر مسئلہ پیدا ہو گیا ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں مسائل انتہائی نازک ہیں وہاں انٹرنیٹ، فون اور اطلاعات کا بند ہونا تشویشناک ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ڈاکٹرز، نرسز، ہسپتالوں کو کام نہیں کرنے دیا جا رہا، وہاں دواؤں کی قلت کی وجہ سے صحت کی ایمرجنسی پیدا ہو چکی ہے۔