اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق صدر آصف علی زرادری کو سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے پمز ہسپتال کے شعبہ امراض قلب منتقل کر دیا گیا۔
سابق صدر آصف علی زرادری کو سخت سیکیورٹی میں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے پمز ہسپتال منتقل کیا گیا۔ سیکیورٹی کی وجہ سے سابق صدر کو بکتر بند گاڑی میں پمز کے دوسرے دروازے سے کارڈیک سنٹر میں لایا گیا۔ پمز ہسپتال کا چار رکنی میڈیکل بورڈ کارڈیک سنٹر میں سابق صدر کا طبی معائنہ کرے گا۔ اس موقع پر پمز ہسپتال میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
وی آئی پی وارڈ کو سب جیل کا درجہ قرار دے دیا گیا ہے۔ پولیس کی بھاری نفری پمز ہسپتال پہنچ گئی۔ کارڈیک سنٹر میں وی آئی پی سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ میڈیکل بورڈ نے گزشتہ ہفتہ آصف زرداری کو ہسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی تھی، میڈیکل بورڈ کی سفارشات کو گزشتہ ہفتہ وزارت داخلہ کو بجھوایا گیا تھا۔