لاہور: (روزنامہ دنیا) میزبان 'دنیا کامران خان کے ساتھ' کے مطابق حکومت معاشی بحالی کے لئے پورے ایکشن میں نظر آتی ہے اور ٹھوس کوششیں شروع ہو گئی ہیں۔ تیل قیمتوں میں کمی سے عوام کو کچھ ریلیف ملے گا۔
میزبان نے پروگرام میں کہا کاروباری برادری میں اعتماد سازی کے اقدامات کئے گئے ہیں، سٹاک مارکیٹ کے مسائل کے حل کا آغاز ہو گیا، جی آئی ڈی سی کا مسئلہ حل ہو گیا، نیب سے کاروباری لوگوں کی آزادی کا مسودہ آگیا، گورنر سٹیٹ بینک نے بہتری کی نوید سنائی ہے اور بتایا کہ حکومت کی سمت درست ہے۔ مشکل فیصلے ختم ہو گئے ہیں ۔بہتری کی جانب سفر شروع ہوگیا ۔معیشت مستحکم انداز میں آگے بڑھے گی، اسی طرح روپے کی قدر ڈالر کے مقابلے میں مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر آور کے حوالے سے پورا پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجان ہو گیا، وزیر اعظم عمران خان نے نیویارک ٹائمز میں بہت پر اثر مضمون شائع کرایا، عالمی میڈیا نے مودی کا بھیانک چہرہ دنیا کے سامنے عیاں کر دیا ہے۔ پچھلے ایک ماہ میں بی بی سی، نیویارک ٹائمز، واشنگٹن پوسٹ، رائٹرز، سی این این، بلومبرگ، الجزیرہ، فرانس 24، وائس آف امریکہ اور دنیا کے دوسرے بڑے چینلز، اخبارات، رسائل نے بھارتی حکومت کا وہ حشر کیا ہے کہ مودی کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے۔ پورا عالمی میڈیا مقبوضہ کشمیر میں عالمی حقوق کی شدید پامالی اور بھارتی مظالم کا پردہ چاک کر رہا ہے اور یہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے سفر کی بہت بڑی کامیابی ہے۔