لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے رحیم یار خان پولیس کے ہاتھوں بدترین تشدد سے ہلاک ہونے والے صلاح الدین کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ کو خط لکھ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے رحیم یار خان میں پولیس کے ہاتھوں بدترین تشدد سے ہلاک ہونے والے گوجرانوالہ کے رہائشی صلاح الدین ایوبی کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ کو خط لکھ دیا ہے۔ خیال رہے کہ ملزم صلاح الدین کو اے ٹی ایم مشین سے پیسے چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
ادھر صلاح الدین کی ہلاکت کے معاملے پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رحیم یار خان نے سینئر سول جج شیخ فیاض حسین کو جوڈیشل انکوائری آفیسر مقرر کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں پولیس افسران، ایس ایچ او، تفتیشی آفیسر اور مقتول کے والد کو نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔ جوڈیشل انکوائری کی سماعت سات ستمبر کو ہوگی۔
وزیراعلیٰ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او رحیم یار خان کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل آئی جی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز خان نے ڈی پی او رحیم یار خان کو معطل کر دیا تھا۔
دوسری جانب چیئرمن قائمہ کمیٹی برائے سینیٹ مصطفیٰ نواز کھوکھر نے آئی جی پنجاب اور ڈی پی اور رحیم یار خان کو 12 ستمبر کو قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں طلب کر لیا ہے۔