یوم دفاع پاکستان آج قومی اور ملی جوش وجذبے سے منایا جائے گا

Last Updated On 05 September,2019 11:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان آج قومی اور ملی جوش وجذبے کیساتھ منایا جائے گا۔

1965ء کی جنگ کے 54 سال مکمل ہونے پر یوم دفاع کی خصوصی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یوم دفاع کی تقریبات کے حوالے سے ”آئیں چلیں شہید کے گھر“ نغمہ بھی جاری کیا ہے۔

یوم دفاع کی سب سے بڑی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہو گی جس سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ خطاب کریں گے۔ اس بار یہ تقریب شام کے بجائے دن کو ہوگی جس میں صرف شہدا کے لواحقین شرکت کریں گے۔

جنگ ستمبر کی یاد میں نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد سمیت تمام نیول اور ائیر بیسز پر بھی خصوصی تقریبات ہوں گی جن میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ اس موقع پر دفاعی سازوسامان کی نمائش کی جائے گی جبکہ مختلف شہروں میں ائیر شوز بھی ہوں گے۔