کشمور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر ریلوے اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ آصف زرادری کے دوست پیسے دے رہے ہیں۔ سابق صدر نے اگر پیسے بنائے ہیں تو اس نے دوستوں پر خرچ بھی کئے ہیں۔
کشمور ریلوے سٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے سربراہ اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کنجوس آدمی ہیں، میری طرف سے ان کے لیے مشورہ ہے کہ وہ آصف علی زرداری کی پالیسی پر عمل پیرا ہوں۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ اپنے دورے کے دوران پورے سندھ کو دیکھتا آ رہا ہوں، یہ لوگ صوبے کو کو لوٹ کر کھا چکے ہیں۔ سندھ کے لوگوں کو نوکریاں دوں گا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی تقریر کے بعد کشمیر جاؤں گا۔ وادی کو بھارت نے اپنی کالونی بنا کر غلطی کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے حملہ کیا تو خود سرحد پر جا کر لڑوں گا۔ جب بھی دھرتی ماں نے پکارا تو ہم اپنی جان دینگے۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ میں نے سات آٹھ سال سے جھوٹ بولنا چھوڑ دیا ہے، کندھ کوٹ، کشمور کو جلد ٹرین کا تحفہ دوں گا۔