سندھ بھر کے میڈیکل کالجز میں انٹری ٹیسٹ، 2100 نشستوں کیلئے ہزاروں امیدوار میدان میں

Last Updated On 15 September,2019 05:37 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی سمیت سندھ بھر کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ ہوا۔ اکیس سو نشستوں کیلئے ہزاروں امیدوار میدان میں آگئے۔ دس ہزار کے قریب طلبہ این ای ڈی پہنچنے پر یونیورسٹی روڈ پر رش لگ گیا۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹیسٹنگ سسٹم کے تحت سندھ بھر کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کیلئے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا۔ کراچی میں این ای ڈی یونیورسٹی میں پنڈال سجایا گیا جہاں 9750 امیدواروں کے ایک ساتھ پہنچنے پر یونیورسٹی روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

وائس چانسلر ڈاؤ یونیورسٹی سعید قریشی نے کہا کہ امتحانی مرکز میں انتظامات پہلے کی نسبت مزید بہتر کئے گئے ہیں۔ طلبہ نے پرسکون انداز میں ٹیسٹ دیا۔

طلبہ بھی انتظامات سے خوش دیکھائی دئیے اور کہا کہ اس بار گزشتہ سال کی نسبت بہتر انتظامات کیے گئے تھے۔

کراچی میں ایم بی بی ایس کیلئے 1050 اور بی ڈی ایس کی 300 نشستوں کیلئے امیدواروں نے انٹری ٹیسٹ دیا۔