لاہور پارکنگ کمپنی کیس: ن لیگی رہنما حافظ نعمان ودیگر ملزمان کی درخواست ضمانت منظور

Last Updated On 18 September,2019 08:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے لاہور پارکنگ کمپنی کے ن لیگی رہنما حافظ نعمان ودیگر ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کرکے رہا کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ عدالت نے ملزمان کو فی کس پانچ پانچ ملین کے دو دو مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی جاری کیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کمپنی کے چیئرمین لیگی رہنما حافظ نعمان، ایم ڈی تاثیر احمد اور چیف فنانس افسر مدثر قیوم کی ضمانت منظور کی۔

درخواست میں چیئرمین نیب و دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ لاہور پارکنگ کمپنی کرپشن کیس میں درخواست گزار کو گرفتار کیا گیا۔

درخواست گزاروں نے لاہور پارکنگ کمپنی میں کسی قسم کی کرپشن نہیں کی اور نہ ہی کوئی خلاف قانون کام کیا۔ نیب نے بے بنیاد الزامات کے تحت ریفرنس دائر کرکے گرفتار کیا۔

درخواست گزاروں کے وکیل نے استدعا کی کہ نیب نے جھوٹے الزامات لگا کر گرفتار کیا گیا ہے، عدالت درخواست ضمانت منظور کرکے رہا کرنے کا حکم دے۔