کوٹ لکھپت جیل: دودھ، گھی، مکھن کس کے لئے ؟

Last Updated On 19 September,2019 09:17 am

لاہور: ( محمد علی رانا) ن لیگ کے اسیر رہنماؤں کیساتھ جیل انتظامیہ کا انتہائی خوشگوار رویہ نوٹ کیا گیا ہے۔

سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل نے احاطے میں دس بھینسیں رکھی ہوئی ہیں ان بھینسوں کی دیکھ بھال جیل ملازمین اور قیدیوں کے ذمے ہے جبکہ مبینہ طور پر جیل راشن سے ہی انکا چارا پورا کیا جاتا ہے۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ جس دن سے نواز شریف، حمزہ شہباز جیل پہنچے ہیں بھینسوں کا دس کلو دودھ روزانہ کی بنیاد پر ان کو مہیا کیا جاتا ہے۔ دودھ کا خالص گھی اور مکھن بھی اسیر رہنماؤں کو فراہم کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ مزید برآں نواز شریف اور حمزہ شہباز کی بیرک میں صبح شام ڈینگی سپرے ہونے لگا۔شام کے وقت جیل انتظامیہ کی جانب سے خوشبودار مچھر مار سپرے بھی مہیا کیا گیا ہے۔

دوسری جانب بعض قیدیوں کے عزیز واقارب نے بتا یا کہ ڈینگی بخار سے متعدد قیدی بیمار ہو چکے ہیں جیل کی وہی ناقص ادویات دیکر ٹال دیا جاتا ہے۔ تاہم سپرنٹنڈنٹ جیل اعجاز اصغر کے مطابق کوئی بھینس نہیں پالی، لہذا دودھ مکھن فراہم کرنے کی بات درست نہیں۔ ڈی آئی جی جیل لاہور ریجن ملک مبشر نے کا کہنا تھا پنجاب کی کسی بھی جیل میں اب تک ڈینگی کا ایک بھی مریض نہیں نکلا، نواز شریف اور حمزہ کی کیمروں سے نگرانی کی جاتی ہے۔