راولپںڈی: (دنیا نیوز) بابوسر ٹاپ حادثہ میں شہید ہونے والے جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی جس میں آرمی چیف سمیت اعلیٰ حکام اور شخصیات نے شرکت کی۔
بابوسر حادثے میں شہید ہونے والے سپاہیوں کی نمازجنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کی گئی جس میں پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت مسلح افواج کے افسران اور شہدا کے عزیز واقارب نے بھی شرکت کی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سکردو سے راولپنڈی جانے والی تیز رفتار مسافر بس موڑ کاٹتے ہوئے بابوسر ٹاپ کے قریب پہاڑ سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں خواتین، بچوں اور 10 فوجی جوانوں سمیت 27 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے تھے۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم، وزیر خارجہ، آرمی چیف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سمیت اہم شخصیات نے بابوسر ٹاپ بس حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔