لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی درخواست ضمانت پر نیب کو 14 اکتوبر کے لیے نوٹس جاری کر دیئے اور تحریری جواب طلب کر لیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے مریم نواز کی درخواست پر سماعت کی، عدالتی استفسار پر مریم نواز کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مریم نواز کو 8 اگست کو گرفتار کیا گیا۔ دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ مریم نواز کی درخواست میں علی جہانگیر صدیقی کے کیس کے دستاویزات کیوں لگائے گئے ہیں جس پر مریم نواز کے وکیل نے عدالت کو اگاہ کیا کہ علی جہانگیر صدیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایس ای سی پی کے ریفرنس کے بغیر نیب کارروائی نہیں کر سکتا۔
مریم نواز کے وکیل نے دلائل دیئے کہ درخواستگزار ملک کے تین بار منتخب ہونے والے وزیراعظم کی بیٹی ہے، ملزمہ کا خاندان سیاسی تاریخ کا حامل ہے، پانامہ لیکس کیس میں تمام جائیدادیں اور اثاثے ڈکلیئر کر رکھے ہیں۔ عدالت نے مریم نواز کی درخواست پر نیب کو 14 اکتوبر کے لیے نوٹس جاری کر دیئے.